ایچ آر سی پی ریجنل آفس تربت کا وسیم عبدالنبی کی گمشدگی پر اظہارِ تشویش

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے ریجنل آفس مکران، تربت نے تمپ کے علاقے نظرآباد سے نوجوان وسیم عبدالنبی کی مبینہ گمشدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری اور باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایچ آر سی پی مکران کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جبری گمشدگی، خواہ کسی بھی قوت کی جانب سے کی جائے، ناقابلِ قبول ہے۔ ایسے واقعات سے متاثرہ فرد کے ساتھ اس کا پورا خاندان شدید ذہنی اذیت، خوف اور غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار ہوتا ہے۔ جبری گمشدگیوں کے خلاف تحفظ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کا اہم تقاضا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سرکاری اداروں اور مسلح تنظیموں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو عام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرنا چاہیے اور شہریوں کو کسی بھی قسم کی پرتشدد کارروائی، غیر قانونی حراست یا دیگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

ایچ آر سی پی کے مطابق وسیم عبدالنبی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک پُرامن شہری، پرچون دکان دار اور معروف کھلاڑی ہیں۔ وہ معمول کے مطابق صبح اپنی دکان پر کام کرتے ہیں جب کہ دیگر اوقات میں سماجی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وسیم عبدالنبی کی گمشدگی سے ان کے اہل خانہ اور علاقے کے لوگوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

ایچ آر سی پی مکران نے متعلقہ فریقوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وسیم عبدالنبی کسی کی تحویل میں ہیں تو بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں فوری اور باحفاظت رہا کیا جائے تاکہ ان کے اہل خانہ کی پریشانی ختم ہو اور علاقے میں پائی جانے والی تشویش کا ازالہ ہوسکے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article