طالبان کے ساتھ بین الافغان مذاکرات کے لیے حکومت کی افغان مصالحتی کونسل (ایچ سی این آر) کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پیر کو پاکستان پہنچیں گے۔
پاکستان کے ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ایچ سی این آر کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ 28 سے 30 ستمبر تک تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے’۔
انہوں نے بتایا کہ ‘ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفد میں ایچ سی این آر کے مستقل اراکین بھی شامل ہوں گے’۔
دفترخارجہ کے بیان کے مطابق ‘ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اپنے دورے میں وزیراعظم اور صدر سے ملاقات کے ساتھ ساتھ چیئرمین سنیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وزیرخاجہ اور دیگر عہدیداروں سے بھی ملیں گے’۔
بیان میں بتایا گیا کہ ‘وہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں ایک اہم خطاب بھی کریں گے اور میڈیا سے بھی بات چیت ہوگی’۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا بحیثیت چیئرمین افغان مصالحتی کونسل کے پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
دفترخارجہ کے مطابق ‘اس دورے سے افغان امن عمل، پاکستان افغان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر تعلقات کے لیے وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا’۔
ترجمان دفتر خارجہ کا بیان میں کہنا تھا کہ ‘پاکستان، افغانستان سے برادرانہ تعلقات، مشترکہ طور پر جڑی ہوئی تاریخ، اعتماد ثقافت، اقدار اور رسومات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے’۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان اپنے برادر ہمسایہ ملک افغانستان شہریوں کی خوش حالی، امن اور استحکام کے لیے تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے’۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا دورہ ہم آہنگی، بھائی چارہ اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں سود مند ہوگا’۔
اسی سلسلے میں گزشتہ ماہ افغان طالبان کے وفد نے ملا عبدالغنی کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔