بلوچستان میں پرائمری اسکولز کو 15 روز کیلئے پھر بند کرنیکا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

حکومت بلوچستان نے بلوچستان میں پرائمری اسکول کھولنے کو 15 روز کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں کچھ کورونا کیسز سامنے آئے ہیں اس لیے پرائمری اسکول کھولنے کو مزید 15 روز کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو صوبے میں پرائمری اسکول کھولنے میں 15 روز کی تاخیر کی تجویز دے گی۔

انہوں نے بتایا کہ جن تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کیسز سامنے آئے انہیں سیل کردیا گیا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے خبردار کیا کہ جو افراد تعلیمی اداروں میں بغیر فیس ماسک لگائے داخل ہوں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی نے صوبے میں کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز پر خبردار کیا ہے کیونکہ اس وبائی مرض کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ایس او پیز کا خیال رکھیں جس میں فیس ماسک پہننا، سماجی فاصلہ رکھنا اور بار بار ہاتھ دھونا شامل ہے۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ جن تعلیمی اداروں میں 2 یا اس سے زائد کورونا کیسز سامنے آئے انہیں بند کردیا گیا۔

Share This Article
Leave a Comment