سشانت سنگھ ہلاکت کیس میں ریا چکرورتی کو گرفتارکرلیا گیا

0
270

انڈیا میں انسدادِ منشیات کے محکمے نے بولی وڈ اداکار ریا چکرورتی کو ان کے بوائے فرینڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے منسلک منشیات کے ایک مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔

34 سالہ سشانت راجپوت 14 جون کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق انھوں نے خودکشی کی تھی۔

تاہم ان کے خاندان نے ریا چکرورتی کے خلاف سشانت کو خودکشی پر اکسانے اور اس میں مدد دینے کا مقدمہ درج کروایا۔

ابھی تک انھوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم اپنے گذشتہ بیانات میں انھوں نے ملوث ہونے سے انکار کیا تھا۔

حکام ابھی تک ان کے خلاف عائد الزامات سامنے نہیں لائے ہیں۔

ریا کے بھائی شوویک اور راجپوت کے گھر کے سابق مینیجر سیمیوئل میرانڈا کو بھی گذشتہ ہفتے منشیات کے اسی مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم ان کے خلاف عائد الزامات بھی میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیے گئے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں پورے انڈیا کی توجہ اپنی جانب رکھنے والے اور انڈیا کو تقسیم کیے رکھنے والے اس معاملے میں سب سے اہم گرفتاری ریا چکرورتی کی ہی ہے۔

پرائم ٹائم ٹی وی چینلز پر اس معاملے کی ہر پیش رفت پر کوریج کی جا رہی ہے اور سشانت اور ریا دونوں ہی کی ذاتی زندگیوں پر عوامی بحث کی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس جوڑے نے سنہ 2019 میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا اور اسی سال دسمبر میں انھوں نے ساتھ رہائش اختیار کر لی۔ آٹھ جون کو سشانت کی موت سے ایک ہفتہ قبل ریا چکرورتی اپنے والدین کے ساتھ رہنے چلی گئیں اور سشانت کی ہلاکت کے وقت وہ گھر پر نہیں تھیں۔

ان کی ہلاکت کے بعد میڈیا میں اطلاعات آنے لگیں کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار تھے۔

مگر کچھ دنوں کے اندر ہی توجہ ریا چکرورتی کی جانب م±ڑ گئی اور 28 سالہ اداکارہ الزامات، سازشی مفروضوں، افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات کے ایک طوفان میں پھنس کر رہ گئیں۔

اس معاملے پر میڈیا کی توجہ میں اس وقت اضافہ ہوا جب سشانت کے والد نے ریا چکرورتی کے خلاف شکایت درج کروائی۔ انھوں نے اپنے بیٹے کو ذہنی صحت کے مسائل لاحق ہونے سے انکار کیا اور ریا چکرورتی پر دیگر الزامات کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے کے پیسے چرانے کا الزام بھی عائد کیا۔

کئی مہینوں سے ریا چکرورتی کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جاتا رہا ہے۔ انھیں لالچی قرار دیا جا رہا ہے اور ان پر الزام لگائے جا رہے ہیں کہ انھوں نے ہی سشانت کو منشیات کی عادت ڈالی اور انھیں خودکشی پر مائل کیا۔

ریا چکرورتی اس سب کو اپنے خلاف ‘غیر منصفانہ میڈیا ٹرائل’ قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ میں بھی گئیں، اپنا بیان جاری کیا اور ٹی وی انٹرویوز دیے جن میں انھوں نے اپنے خلاف تمام الزامات سے انکار کیا۔

اس کے علاوہ انھوں نے انڈیا کے وزیرِ داخلہ امیت شاہ سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here