کراچی میں ‘کیماڑی’ کو نیا ضلع بنانیکا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

حکومت سندھ نے کراچی میں کیماڑی کو نیا ضلع بنانے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے جس کے ساتھ ہی کراچی میں اضلاع کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

حکومت سندھ کے محکمہ ریونیو سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ سندھ لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی دفعہ چھ میں دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صوبائی حکومت کراچی کے ضلع غربی کی حدود میں تبدیلی کر رہی ہے اور ایک نیا ضلع ‘کیماڑی’ بنا رہی ہے۔

اس کے علاوہ سب ڈویڑن ہاربر کا نام تبدیل کر کے کیماڑی کردیا گیا ہے۔

اب کراچی کے 7 اضلاع میں ضلع کیماڑی کے ساتھ ساتھ ضلع ملیر، ضلع جنوبی، ضلع غربی، ضلع وسطی، ضلع شرقی اور ضلع کورنگی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ ماہ کیماڑی کو نیا ضلع بنانے کی منظوری دی تھی۔

ضلع غربی کی تقسیم اور کیماڑی کا نیا ضلع بننے سے قبل غربی میں 7 سب ڈویڑنز تھے جن میں منگھوپیر، سائٹ، بلدیہ، اورنگی، مومن آباد، ہاربر اور ماڑی پور شامل ہیں جس کی ک±ل آبادی 39 لاکھ 14 ہزار 757 بنتی تھی۔

تاہم اب کیماڑی کے ضلع بننے کے بعد نئے ضلع میں بلدیہ، کیماڑی اور ماڑی پور شامل ہیں جبکہ کراچی کے ضلع غربی میں منگھوپیر، اورنگی اور مومن آباد شامل ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment