بلوچستان کے محکمہ کالجز و ہائر ایجوکیشن نے بلوچستان بھر کے تمام سرکاری پوسٹ گریجویٹ، ڈگری اور انٹر کالجوں میں مختلف تنظیموں کی جانب سے تقریبات اور سرگرمیوں پر پابندی کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق بلوچستان حکومت کے ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے سابقہ احکامات کی روشنی میں تعلیمی اداروں میں کسی بھی قسم کی تقریبات، اجتماعات اور تنظیمی سرگرمیاں مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر منعقد نہیں کی جا سکتیں۔
مراسلے میں تمام کالج پرنسپلز اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور کسی بھی تنظیم کو کالجوں میں تقریبات منعقد کرنے کی اجازت نہ دیں۔
حکم نامے میں خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف بیڈا رولز کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ مراسلہ 11 ستمبر 2026 کو ڈائریکٹر کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔