بلوچستان کے علاقے خاران میں گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے کراچی کا ایک نوجوان ہلاک ہوگیا جبکہ صحبت پور میں گولیاں لگی 3 لاشیں افراد کی برآمد ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔
خاران سٹی کے علاقے جوژان میں رات گئے منور سیاہ پاد کے گھر پر مبینہ چھاپے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر ایک غیر مقامی نوجوان ہلاک ہوگیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق ہلاک نوجوان کی شناخت حمزہ ولد اسلام الدین سکنہ کراچی کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی مزید تفصیلات اور فائرنگ کے حالات تاحال سامنے نہیں آسکے۔
دوسری جانب صحبت پور میں تھانہ جیانی کی حدود میں اسحاق خان چوکی کے قریب گولیاں لگی تین لاشیں پڑی ملنے کی اطلاع ہے۔
پولیس کے مطابق لاشوں کو تحویل میں لے کر سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ضروری قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ہلاک افراد کی شناخت اور واقعے کی وجوہات سے متعلق مزید معلومات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔