وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6,381 ویں روز جاری، قادر بخش کے اہل خانہ کی شرکت

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6,381ویں روز بھی جاری رہا۔ آج جبری لاپتہ قادر بخش کے اہل خانہ نے کیمپ میں شرکت کرکے ان کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔

اہل خانہ کے مطابق قادر بخش کو 6 ستمبر کو آر سی ڈی روڈ، نزد بی سی کیمپ خضدار سے سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ سے بارہا رابطے کے باوجود قادر بخش کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی، جس کے باعث خاندان شدید پریشانی اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔ انہوں نے قادر بخش کی باحفاظت بازیابی کی اپیل کی۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قادر بخش سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے۔ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرعام پر لاکر عدالت میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article