پنجگور: برآمد ہونے والی 5 لاشوں کی شناخت ہو گئی، ماورائے عدالت قتل کا خدشہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے برآمد ہونے والی 5 نامعلوم افراد کی لاشوں کی ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں شناخت کر لی گئی ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت امام الدین ولد محمد اسحاق (ساکن سوردو پنجگور)، ماجد ولد عبدالمجید (ساکن سوردو پنجگور)، ضیا ولد نوراللہ (ساکن سوردو پنجگور)، سلمان ولد پیران (ساکن بونستان پنجگور) اور حفیظ ولد عبدالرحمن (ساکن تارآفس پنجگور) کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ان لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے پنجگور میں یہ دوسرا موقع ہے کہ ایک ساتھ 5 افراد کی لاشیں ٹیچنگ اسپتال لائی گئی ہیں۔

مقامی ذرائع اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز پر حملوں اور جانی نقصان کے بعد، اکثر اوقات پہلے سے جبری لاپتہ کیے گئے افراد کو دورانِ حراست ماورائے عدالت قتل یا غیر آباد پہاڑی علاقوں میں جعلی مقابلے دکھا کر مار دیا جاتا ہے، جسے بعد میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کا نام دیا جاتا ہے۔ بعد ازاں، ان افراد کی شناخت حراست میں لیے گئے لاپتہ شہریوں کے طور پر ہی سامنے آتی ہے۔

دوسری جانب، پولیس اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article