پاکستان کی وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت راولپنڈی میں حساس سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے پاکستانی فوج کی تین کمپنیوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کی جانب سے 21 اگست 2026 کو جاری کیے گئے ایک حکم نامے کے مطابق پنجاب حکومت کے محکمہ داخلہ کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا گیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی میں کسی بھی ناخوشگوار صورتِ حال سے بچنے اور غیر متوقع حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے فوجی دستوں کی تعیناتی کی جا رہی ہے۔
دستاویز کے مطابق فوج کی تین کمپنیوں کو فوری طور پر چھ ماہ کی مدت کے لیے تعینات کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ تعیناتی ضلعی انتظامیہ کی ضرورت کے مطابق کی جا رہی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے اس حکم نامے کی نقل صدرِ مملکت کے دفتر، وزیرِ اعظم کے دفتر، کابینہ ڈویژن، پنجاب حکومت کے محکمہ داخلہ، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور جی ایچ کیو راولپنڈی سمیت متعلقہ اداروں کو ارسال کی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق یہ نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ کے آئندہ شمارے میں شائع کیا جائے گا۔