وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6333ویں روز جاری، محمود علی لانگو کی والدہ کی شرکت

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کوئٹہ: بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ چیئرمین نصراللہ بلوچ کی قیادت میں 6333ویں روز بھی جاری رہا۔

اس موقع پر جبری لاپتہ محمود علی لانگو کی والدہ نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور اپنے بیٹے کی باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کی جدائی نے ان کی زندگی کو شدید کرب اور اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہر گزرتا دن ان کے لیے انتظار، بے یقینی اور ذہنی اذیت کے ساتھ گزر رہا ہے، جبکہ بیٹے کی خیریت سے متعلق کسی بھی اطلاع کا نہ ملنا ان کے دکھ اور تکلیف میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جبری گمشدگی نہ صرف متاثرہ فرد بلکہ پورے خاندان کو شدید ذہنی اذیت اور مسلسل غیر یقینی کی کیفیت سے دوچار کرتی ہے۔ محمود علی لانگو کے اہلخانہ کو طویل عرصے سے اپنے بیٹے کی بازیابی کا انتظار ہے، جو انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ محمود علی لانگو سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کرکے منظرِ عام پر لایا جائے۔ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کرکے قانونی حقِ دفاع فراہم کیا جائے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article