بلوچستان کے ضلع پنجگور کے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں پانچ افراد کی لاشیں منتقل کی گئیں جن میں 2 کی شناخت ہوگئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں گزشتہ شب پانچ افراد کی لاشیں منتقل کی گئیں، جن میں سے دو افراد کی شناخت ہوگئی جبکہ باقی تین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق 19 اگست کی شب تقریباً ساڑھے 11 بجے پانچ افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کی گئیں، جہاں انتظامیہ نے لاشیں وصول کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق شناخت ہونے والے افراد میں ظاہر ولد ناصر، ساکن پروم، اور حافظ عمران ولد منظور احمد، ساکن وشبود شامل ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق باقی تین افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جن کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور دیگر تفصیلات کے حوالے سے مزید معلومات سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری مذکورہ لاشوں کے حوالے سے پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 5 مسلح افراد مارے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کلی سوران میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران 5 مسلح افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد موٹر سائیکلوں پرسوار ہوکر عسکریت پسندی کی کارروائی کرنے جارہے تھے جس دوران جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سے انہیں نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک مسلح سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا، 3 گاڑیاں،2 موٹرسائیکل، آئی ای ڈی ڈیوائس،کالعدم تنظیم کا جھنڈا برآمد کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ہلاک مسلح افراد لوٹ مار، اغوا، ٹارگٹ کلنگ، خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔