بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مسلح افراد کی ناکہ بندی کے دوران قبائلی سردار شاہ زمان خان علی زئی کو ان کے بیٹے اور گاڑی سمیت تحویل میں لینے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مستونگ کے علاقے سورگز میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو بلاک کر رکھا تھا۔
قبائلی سردار شاہ زمان خان علی زئی اپنے بیٹے کے ساتھ ویگو (Vigo) گاڑی میں مستونگ سے کوئٹہ کی طرف سفر کر رہے تھے کہ مسلح افراد نے انہیں گاڑی سمیت تحویل میں لے لیا۔
واقعے کے بعد سے دونوں افراد کے موبائل فونز مسلسل بند جا رہے ہیں اور ان کا اپنے اہل خانہ سے کسی قسم کا رابطہ قائم نہیں ہو سکا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے کی تاحال باضابطہ طور پر سرکاری تصدیق نہیں کی گئی ہے، تاہم علاقے میں خبر پھیلتے ہی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔