کیچ ، بسیمہ و سوراب میں مسلح افراد کی ناکہ بندیاں و جھڑپیں، سی پیک روٹ پر خواتین جنگجوؤں کی موجودگی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے کیچ ،بسیمہ اور سوراب میں مسلح افراد کی جانب سے اہم شاہراہوں پر ناکہ بندیوں اور پاکستانی فوج کے ساتھ شدید جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ضلع کیچ کے علاقے دشت تولگی کے قریب چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) روٹ پر مسلح افراد نے کئی گھنٹوں تک شاہراہ بلاک کر کے گاڑیوں کی تلاشی لی۔

ذرائع کے مطابق اس ناکہ بندی میں مرد اہلکاروں کے ساتھ مسلح خواتین بھی شامل تھیں، جنہوں نے بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

مسلح افراد نے اس دوران وہاں سے گزرنے والے شہریوں سے گفتگو بھی کی۔

دوسری جانب سوراب کے علاقے گدر کے قریب مسلح افراد کی بڑی تعداد نے مین شاہراہ پر ناکہ بندی قائم کر لی، جبکہ بسیمہ، پتک اور زیک کے مقامات پر بھی بھاری ہتھیاروں سے لیس مسلح افراد کے ناکہ بندیاں قائم کرنے اور چیک پوائنٹس سنبھالنے کی اطلاعات ہیں۔

ان مقامات پر پاکستانی فوج اور مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، جہاں سنگین فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔

انتظامیہ اور پولیس نے شہریوں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مذکورہ شاہراہوں پر سفر کرنے سے روک دیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان جھڑپوں میں فوج کے جانی نقصان کا اندیشہ ہے، تاہم حتمی تفصیلات آنا باقی ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں بلوچستان بھر میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور ماضی میں بھی ایسی کارروائیوں میں ملوث رہی ہیں، تاہم خبر کے شائع ہونے تک ان تازہ واقعات کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article