بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں پاکستانی فوج پر آئی ای ڈی دھماکا اور فائرنگ سے 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ دھماکے سے متعدد دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
دھماکا تربت مین روڈ پر شہید فدا چوک پر ایف سی کی گاڑی کے نزدیک ہوا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں قریبی دکانوں اور وہاں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ پانچ شہریوں کے زخمی ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات بھی ہیں۔
دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آمدورفت محدود کردی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس ایس ایس پی کیچ کے مطابق دھماکہ مین روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل میں نصب آئی ای ڈی بم دھماکہ تھا، جس کے نتیجے میں 3 راہگیر زخمی ہوئے جبکہ دھماکے سے 5 دکانیں بری طرح متاثر ہوئیں۔
دھماکے کی نوعیت اور واقعے کے محرکات کے حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔