سوراب بمباری کے خلاف 13 اگست کو بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے ضلع سوراب کے علاقے گدر میں پاکستانی فوج کی جانب سے عام آبادی پر فضائی بمباری، معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کی ہلاکتوں کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) نے جمعرات، 13 اگست 2026 کو صوبے بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن اور وہیل جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے تاجروں، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز، طلبہ اور سول سوسائٹی سمیت عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہڑتال کو کامیاب بنا کر سوراب کے متاثرین اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں۔

تنظیم کے مطابق یہ ہڑتال ناانصافی اور بربریت کے خلاف ایک پرامن اجتماعی احتجاج اور انصاف کا مطالبہ ہے۔

بی وائی سی کا کہنا تھا کہ 12 اگست کی صبح سویرے سوراب کے علاقے ‘گدر’ میں جیٹ طیاروں کی جانب سے رہائشی مکانات پر کی جانے والی بمباری کے نتیجے میں کئی خاندان سوتے میں ہی دبا دیے گئے۔ حملے میں خواتین، بچوں اور معمر افراد سمیت متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ کئی گھر مکمل طور پر تباہ اور ملبے کا ڈھیر بن گئے، جہاں سے زندہ بچ جانے والے افراد اپنے ہاتھوں سے اپنے پیاروں کی تلاش کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کے مطابق بمباری کے بعد بھی علاقے کی فضاؤں میں ڈرونز اور کوبرا گن شپ ہیلی کاپٹروں کی پروازیں جاری رہیں، جس سے عام شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا رہا۔

شدید غم و غصے کے عالم میں سوراب کے رہائشیوں اور متاثرہ خاندانوں نے اپنے پیاروں کی میتیں مین چوک سوراب میں آر سی ڈی (RCD) روڈ پر رکھ کر دھرنا دے دیا ہے۔ مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ جب تک شہری آبادیوں پر فضائی کارروائیاں بند نہیں کی جاتیں اور اس کے ذمہ داروں کا احتساب نہیں ہوتا، وہ اپنے پیاروں کی تدفین نہیں کریں گے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں ہے، بلکہ زہری سے لے کر مستونگ تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رہائشی آبادیوں کو نشانہ بنانے اور بعد میں ہلاک ہونے والوں کو ‘شدت پسند’ قرار دے کر ذمہ داری سے بچنے کا ایک طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اس واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ (UN)، ایمنسٹی انٹرنیشنل (Amnesty International)، ہیومن رائٹس واچ (Human Rights Watch) اور قومی و بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان میں عام شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کی ہلاکتوں کا فوری نوٹس لیں اور اس کا احتساب یقینی بنائیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article