سوراب، گدر میں شہری آبادی پر فضائی حملہ انتہائی سنگین اور نا قابلِ قبول ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ضلع سوراب کے علاقے گدر میں جیٹ طیاروں کی جانب سے شہری آبادی پر فضائی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ پارٹی نے خواتین اور بچوں سمیت 27 افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ، افسوس اور شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جان و مال کا تحفظ اصل ذمہ داری: گدر کی شہری آبادی پر فضائی حملہ اور بے گناہ شہریوں کا قتل انتہائی سنگین اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔ خواتین اور بچوں سمیت عام شہریوں کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں؛ ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے، نہ کہ شہری آبادیوں کو خوف اور عدم تحفظ سے دوچار کرنا۔

بیان میں کہا گیا کہ گدر کا واقعہ ریاستی طاقت کے بے دریغ استعمال کی ایک سنگین مثال ہے۔ شہری آبادی پر بمباری اور بے گناہ انسانوں کی جانوں کا ضیاع بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس سے عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے حکومت سے مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ گدر میں شہری آبادی پر ہونے والے فضائی حملے کی فوری، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار عناصر کا تعین کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ہلاک افراد کے لواحقین کو فوری اور باعزت معاوضہ فراہم کیا جائے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ضلع سوراب میں پہلے سے نافذ العمل کرفیو اور سخت سیکیورٹی اقدامات کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت کرفیو کے دوران شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، امدادی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹیں ختم کرے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی اداروں کو مکمل رسائی فراہم کرے۔

پریس ریلیز کے اختتام میں واضح کیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتی ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر شہری آبادیوں پر حملوں کا سلسلہ بند کرے، انسانی جانوں کے احترام کو یقینی بنائے اور بلوچستان کے عوام کو خوف و دہشت کے بجائے امن، تحفظ، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق فراہم کرے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article