بلوچ وومن فورم کے مرکزی ترجمان نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے گدر، سوراب میں پاکستانی جیٹ طیاروں کی جانب سے شہری آبادی اور گھروں پر کی جانے والی شدید بمباری کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بلوچ وومن فورم گدر، سوراب میں پاکستانی جیٹ طیاروں کی جانب سے عام شہریوں کے گھروں پر کی جانے والی بیہمانہ بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے۔ صبح کے ابتدائی اوقات میں کیے جانے والے ان فضائی حملوں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت متعدد عام شہری مارے گئے، گھر تباہ ہوئے اور خاندان اپنے پیاروں کی تلاش میں ملبے کو کھنگالنے پر مجبور ہوئے۔ اپنے گھروں کے اندر عام شہریوں کو نشانہ بنانا پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بربریت کا کھلم کھلا مظاہرہ اور شہری زندگی پر شدید حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد سوگوار خاندانوں نے اپنے پیاروں کی میتیں مین چوک سوراب میں آر سی ڈی (RCD) روڈ پر لا کر دھرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ احتجاج نہ صرف غم و غصے کا اظہار ہے بلکہ اس تشدد کا براہِ راست ردِ عمل اور انکار بھی ہے۔ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کے لیے انصاف، ذمہ داروں کے احتساب اور شہریوں کے خلاف ملٹری آپریشنز کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوراب کا یہ سانحہ بلوچستان میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عام شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی انتہا کو بے نقاب کرتا ہے۔ سیکیورٹی یا عسکری ضرورت کے کسی بھی دعوے کے تحت خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ گھروں کے اندر شہریوں کو قتل کرنا ریاستی طاقت کا ناقابلِ قبول استعمال ہے اور اسے ہرگز بغیر کسی سزا و جزا کے جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
بیان میں بلوچ وومن فورم نے مطالبہ کرتے یوئے کہا کہ شہری علاقوں میں فضائی حملوں اور عسکری آپریشنز کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ سوراب سانحے کے ذمہ دار سیکیورٹی اہلکاروں اور حکام کا احتساب کیا جائے۔اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل انصاف فرائم کیا جائے ۔
ترجمان نے کہا کہا ہم بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان میں عام شہریوں کے خلاف جاری اس بربریت کا فوری نوٹس لیں اور سوراب سانحے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں۔