بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ خضدار نے تمام کمرشل مراکز کی بندش کے نئے اوقات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق عوام کی جان و مال اور تاجر برادری کے تحفظ کیلئے عارضی احتیاطی اقدام اٹھایا گیا ہے۔ نئے حکم کے تحت ضلع خضدار کے تمام بازار، دکانیں، ہوٹل اور دیگر تجارتی ادارے روزانہ رات 8بجے سے صبح 10بجے تک بند رہیں گے۔
یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اگلے احکامات تک برقرار رہے گا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ فارمیسی، میڈیکل اسٹورز اور نجی ہسپتالوں سمیت تمام صحت کی سہولیات کو ان کی ضروری نوعیت کے باعث اس پابندی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ خضدار نے اسسٹنٹ کمشنرز، مجسٹریٹس، پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اس حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
اس موقع پر تاجر برادری اور عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ ممکنہ سیکیورٹی خطرات کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس حکم میں ردوبدل کیا جائے گا۔
دوسری جانب سوراب میں امن و امان کے پیش نظر 15اگست تک کرفیو کا نفاذ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
ضلعی انتظامیہ سوراب نے ضلع سوراب میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے 09 اگست سے 15 اگست 2026 تک روزانہ شام 8:00 بجے سے صبح 9:00 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے جاری کردہ سیکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اپنے کسی بھی ممکنہ نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔