بلوچستان کے ضلع مستونگ میں آج صبح سے پاکستانی فوج کی جاریت جاری ہے، علاقے میں آبادی پر ڈرون حملوں و فورسز پر آئی ای ڈی حملوں کی اطلاعات ہیں۔جبکہ ضلع خضدار میں فوج کے ڈرون حملے میں ایک کمسن بچہ ہلاک ہوگیا۔
مستونگ کے علاقے دشت، کمبیلا میں آج صبح سویرے پاکستانی فوج نے آپریشن کا آغاز کیا۔ فوج کی بھاری تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ اس دوران ڈرون حملوں اور مارٹر گولے فائر کیئے جارہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں عام آبادیوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس حوالے سے تفصیلات آنا باقی ہے۔
دوسری جانب ضلع خضدار میں پاکستانی فوج کی ڈرون حملے میں ایک کمسن بچہ ہلاک ہوگیا۔
واقعہ گزشتہ روز ضلع خضدار، کے علاقے ساسول گورو میں پیش آیا جہاں فوج کے ڈرون حملے کے نتیجے میں کمسن کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی ہے ۔
ہلاک ہونے والے کمسن بچے کی شناخت محمد ایمن ولد یار محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت مذکورہ کمسن مقامی بچہ ایک ہوٹل میں موجود تھا کہ ڈرون حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے۔