جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ 6315 ویں روز بھی جاری

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6315ویں روز بھی جاری رہا۔

مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کر کے لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار کیا۔

وی بی ایم پی کے چیرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، انہیں قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جائے اور ان کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، بالخصوص بلوچ خواتین کی جبری گمشدگیوں اور مبینہ ماورائے عدالت قتل کے واقعات پر سنجیدہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان واقعات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کے بنیادی انسانی اور آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاجی کیمپ کا مقصد جبری لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی آواز کو متعلقہ حکام تک پہنچانا اور لاپتہ افراد کی محفوظ بازیابی کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھنا ہے۔ تنظیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک تمام لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے لیے عملی پیش رفت نہیں ہوتی، احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article