کراچی کے علاقے ماری پور سے ایک معذور اسکول ٹیچر اور تعلیمی ادارے کے سربراہ کے پاکستانی فوج کے ہاتھوں حراست میں لیے جانے کے بعد لاپتا ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب فورسز نے ماری پور میں کارروائی کے دوران اللہ بخش ولد بشام کو حراست میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اللہ بخش دونوں ٹانگوں سے معذور ہیں اور گزشتہ دس برس سے ٹکری ایجوکیشن سینٹر سے وابستہ ہیں جہاں وہ اس وقت ادارے کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رات تقریباً چار بجے فورسز نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لیا، تاہم کچھ دیر بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔
مقامی ذرائع کا مزید دعویٰ ہے کہ تقریباً ایک گھنٹے بعد انہیں دوبارہ حراست میں لیا گیا، جس کے بعد سے ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں کا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق ان کے موجودہ مقام اور حالت کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔