بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6311ویں روز بھی جاری رہا۔
اس دوران مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث متعدد خاندان برسوں سے اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، جن افراد پر کسی قسم کا الزام ہے انہیں عدالتوں میں پیش کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، جبکہ جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کو انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس مسئلے کا حل آئین اور قانون کے دائرے میں نکالا جانا چاہیے۔