ہنگو: مسلح حملے میں ہلاک ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار وں کی نماز جنازہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں مسلح افراد نے پولیس چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے بڑا حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس کے دعوے کے مطابق جوابی کارروائی میں 15 حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، بدھ کے روز شدت مسلح افراد نے ہنگو کی ‘خزینہ بانڈہ’ چوکی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ چوکی پر تعینات اہلکاروں کی مدد کے لیے جب ایس ڈی پی او سٹی کی سربراہی میں اضافی نفری روانہ کی گئی، تو راستے میں گھات لگائے بیٹھے مسلح افراد نے کمک پر بھی حملہ کر دیا۔ اس حملے کے نتیجے میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے بعدشدید جھڑپوں اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں 15 حملہ آور ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

دعوے میں کہا گیا کہ دوسری جانب، مقابلے کے دوران ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے، جبکہ ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 28 جوان زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر ہونے والے اس حملے میں ہلاک ہونے والے ڈی ایس پی دیار خان سمیت تمام 10 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق، جنازے کی ادائیگی کے بعد تمام کے جسدِ خاکی تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیے گئے ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article