بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سانی میں پاکستانی فوج کی گاڑی پر آئی ای ڈی حملے کی اطلاعات ہیں جس کے نتیجے میں ایک اہلکارکی ہلاکت اور 3 کی زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
عسکری حکام نے باضابطہ تصدیق کی ہے کہ کچھی کے علاقے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قافلے کو آئی ای ڈی (ریموٹ کنٹرول بم) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
حکام کے مطابق، کیپٹن عمر کی سربراہی میں گزرنے والے اس ایف سی قافلے کی گاڑی جیسے ہی دھماکہ خیز مواد کی زد میں آئی، تو دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے ایک این سی او (NCO) ہلاک ہو گئے جبکہ تین اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کے فوراً بعد فوج اور حملہ آوروں کے درمیان شروع ہونے والا مسلح جھڑپوں اور فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے اب بھی جاری ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی ہے اور ملوث عناصر کی سرکوبی کے لیے بڑے پیمانے پر سیکیورٹی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔