بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے کھٹہ چوکی پر نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران سرکاری پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد ایک ڈی ایس پی اور ایک کانسٹیبل کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس میں پولیس، انسداد دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ اغوا کاروں کا سراغ لگانے اور مغوی اہلکاروں کی محفوظ بازیابی کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات موصول ہوتے ہی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں گذشتہ دو گھنٹے سے زائد مسلح افراد اور ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، جس کی وجہ سے صورتحال کشیدہ ہے۔ تاہم، اس واقعے کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔