انسانی حقوق کی کارکن اور وکیل ایمان زینب مزاری نے جیل میں قید کے 180 دن مکمل کر لیے، جبکہ انہوں نے اپنی 33ویں سالگرہ بھی اپنے شوہر اور وکیل ہادی علی چٹھہ کے ہمراہ دورانِ قید مناکر گزاری۔
دونوں کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ سے متعلق مقدمے کی قانونی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری، وکلا، صحافیوں اور دیگر حامیوں نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر کیک کاٹ کر ایمان مزاری کی سالگرہ منائی۔
شرکاء نے ان کی انسانی حقوق، بالخصوص جبری گمشدگیوں سے متعلق مقدمات میں قانونی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یاد رہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو 23 جنوری 2026 کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں ایکس پر کی گئی پوسٹ سے متعلق مقدمے میں انہیں مجموعی طور پر 17 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف دونوں کی جانب سے اعلیٰ عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔