علی خامنہ ای مشہد میں سپرد خاک ، قبر کی تصاویر بھی جاری کردیئے گئے

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپرد خاک کردیاگیا اور قبر کی تصاویر بھی جاری کردیئے گئے۔

ایرانی میڈیا نے ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی قبر کی تصاویر اور ویڈیوز شائع کر دی ہے۔ علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے چار دیگر افراد کی تدفین گذشتہ روز مشہد میں حرم امام رضا میں کی گئی تھی۔

علی خامنہ ای 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے فضائی حملوں کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی اُس وقت مارے گئے تھے جب اُن کی رہائش گاہ اور دفتر پر مشتمل کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ان کے ساتھ ان کے خاندان کے چار دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے تھے جن میں ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای، نواسی زہرا محمدی گلپایگانی، ایرانی رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی اہلیہ اور علی خامنہ کی بہو زہرا حداد عادل اور داماد مصباح الہدیٰ باقری کنی شامل تھے۔

اپنے والد کی ہلاکت کے بعد ایران کے رہبرِ اعلیٰ بننے والے مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد کے جنازے میں شرکت نہیں کی تھی۔

امریکہ اور ایران نے جمعرات تک جاری رہنے والے حملوں کے تبادلے میں ایک بار پھر ایک دوسرے پر حملے کیے، جبکہ مبصرین نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی تعداد میں ’ڈرامائی‘ حد تک کمی کی اطلاع دی ہے۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ اس نے 90 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں سے بعض آبنائے ہرمز کے قریب واقع تھے۔ ایران کے مطابق گذشتہ دو روز میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

سرکاری میڈیا نے صوبے کے نائب گورنر کے حوالے سے بتایا کہ بوشہر کے جوہری بجلی گھر کے قریب واقع اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ امریکہ نے ان تازہ حملوں پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس نے جوابی کارروائی میں کویت، بحرین اور قطر میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ بعد ازاں جمعرات کو تہران نے کویت، اردن اور عراق میں مزید مقامات پر حملے کیے۔

دوسری جانب، ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے موقع پر مشہد میں عوام کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔

شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد کی سڑکوں پر ہزاروں افراد ایرانی پرچم لہراتے ہوئے موجود تھے، جبکہ بعض افراد ایسے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قتل کی دھمکیوں پر مبنی نعرے درج تھے۔

خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے ابتدائی حملوں کے پہلے چند گھنٹوں کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article