پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواکے دارلحکومت پشاور کے قریب فیڈرل کانسٹبلری کی ایک چوکی پر مسلح افراد کے حملے میں 6 اہلکار ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے سینیئر پولیس حکام نے اس حملے کے بارے میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے چھ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
دوسر ی جانب سکیورٹی ذرائع نے بھی بی بی سی کو بتایا کہ چوکی میں تعینات اہلکاروں نے حملے پر فوری جوابی کارروائی کی، جس میں چار حملہ آوروں کے مارے جانے کی اطلاع ہے لیکن فرار ہوتے مسلح شدت پسند لاشیں ساتھ لے گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور ایف سی کے چھ اہلکاروں کو بھی ساتھ لے گئے ہیں اور اس وقت علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
اسی دوران سوشل میڈیا پر تحریک طالبان پاکستان کے نام سے ایک پوسٹ بھی سامنے آئی، جس میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی۔
یہ واقعہ پشاورکے قریب حسن خیل کے علاقے میں رات ایک سے دو بجے کے درمیان پیش آیا۔
حسن خیل کا علاقہ نیم قبائلی علاقہ درہ آدم خیل کے قریب واقع ہے۔