بلوچستان کے قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں فائرنگ اور پنجگور میں گاڑی الٹنے سے 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ گوادر سے پاکستانی فورسز نے ایک نوجوان جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا۔
قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان کے قریب خوڑگی کے مقام پر معمولی گھریلو تنازعہ پر دو سگے بھائیوں کے لڑائی کے دوران کلاشنکوف کی گولیاں چلنے سے سکے بھائی کے ہاتھوں جوان بھائی محمد ایوب ولد سید محمد ہلاک جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس کارروائیاں کررہی ہے۔
علاوہ ازیں پنجگور کے علاقے پروم کپ میں گاڑی الٹنے سے دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے پروم کپ میں پک اپ گاڑی کے ٹائر پھٹنے سے گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گیا ۔
گاڑی میں سوار دو افراد عبدالصمد ولد گل محمد اور منظور ولد پیرا سکنہ تسپ ہلاک ہو گئے، جبکہ عادل ولد محمد عظیم سکنہ پروم زخمی ہو گئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب گوادر سے پاکستانی فورسز نے ایک نوجوان کو حراست میں لے کر جبری لاپتہ کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ریاستی سیکورٹی فورسز نے 5 جون 2026 کی رات کو ایک بجے کے قریب گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے پسنی کے رہائشی احسان بزنجو ولد بشیر علی کو گوادر سے جبری طور پر لاپتہ کردیا۔جس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔
احسان بزنجو کے اہل خانہ نے تمام مکاتب فکر سے بازیابی کے لیے آواز اٹھانے کی اپیل کی ہے۔