کچھی اور تربت میں پاکستانی فورسز پر حملے ،لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 اہلکار ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے کچھی اور تربت میں پاکستانی فورسز پر حملوں میں لیفٹیننٹ کرنل (ر) ارسلان سمیت 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں ایک مسلح حملے میں پاکستان فوج سے منسلک کمپنی کے ایک آفیسر سمیت چار اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

یہ حملہ گذشتہ روز تربت شہر سے تقریباً 25 کلومیٹر مغرب میں کلاتک کے قریب ہوا جہاں تین گاڑیوں میں سے ایک گاڑی کو گھات لگائے مسلح افراد نے براہ راست نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایف ڈبلیو او کے آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) ارسلان حلیم سکنہ کراچی، نعمان کاظمی سکنہ راولپندی، محمد آصف اور کلیم اللہ ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ حملے میں زخمی ہونے والے کلیم اللہ آج صبح زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق ایف ڈبلیو او اہلکار اس وقت حملے کا نشانہ بنے جب انہیں ‘ڈیتھ اسکواڈ’ ارکان دو گاڑیوں میں سیکورٹی فراہم کررہے تھے۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب ضلع کچھی میں یکے بعد دیگرے زور دار دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کچی کے شہر سنی میں پاکستانی فوج کے مرکزی کیمپ کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے دوران شہر میں متعدد دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔

ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں فورسز کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، تاہم اس حوالے سے حکام کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article