بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (بی ایس او) ایکس کیڈر کے مرکزی ترجمان نے آج 6 جون، شہید چیئرمین منظور بلوچ کی برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید چیئرمین منظور بلوچ بلوچ قومی تحریک کے اُن عظیم فکری، نظریاتی اور انقلابی رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم کی قومی سالمیت ، قومی بقا اور سیاسی شعور کی جدوجہد کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ جدوجہدِ مسلسل، قربانی، استقامت اور نظریاتی وابستگی کی ایک روشن مثال تھے جو اپنی زندگی کے آخری سانس تک بلوچ قومی تحریک سے عملی اور فکری طور پر وابستہ رہے۔
ترجمان نے کہا کہ شہید منظور بلوچ ایک غیرت مند، بہادر اور انقلابی سوچ رکھنے والے قومی رہنما تھے جنہوں نے نوجوانوں میں قومی شعور، تنظیمی ذمہ داری اور انقلابی فکر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی بصیرت، فکری گہرائی اور قومی مقصد سے غیر متزلزل وابستگی آج بھی بلوچ نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید چیئرمین منظور بلوچ کی جدوجہد، قربانیاں اور نظریاتی ورثہ بلوچ قومی تحریک کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی برسی کے موقع پر بی ایس او ایکس کیڈر نہ صرف انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے بلکہ اس عزم کا بھی اعادہ کرتی ہے کہ شہید منظور بلوچ کے افکار، نظریات اور جدوجہد کو مزید مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ بی ایس او ایکس کیڈر خود کو ان کی فکری وارث سمجھتے ہوئے ان کے نقشِ قدم پر چلنے اور بلوچ قومی تحریک کے مقاصد کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عہد کا اعادہ کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کسی بھی قومی تحریک کا سرمایہ ہوتی ہیں اور شہید چیئرمین منظور بلوچ کی قربانی اور فکری خدمات بلوچ قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہیں۔ آج کا دن ہمیں ان کے مشن، نظریات اور قومی مقصد سے اپنی وابستگی کو مزید مضبوط بنانے کا پیغام دیتا ہے۔
آخر میں بی ایس او ایکس کیڈر کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ شہید چیئرمین منظور بلوچ کی یادیں، ان کی جدوجہد اور ان کا نظریاتی ورثہ ہمیشہ بلوچ قوم کے دلوں میں زندہ رہے گا اور آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنتا رہے گا۔