بلوچستان کے علاقے پنجگور اور قلات میں فوجی جارحیت جہاں ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ کی اطلاعات ہیں ۔جبکہ نوشکی میں پاکستانی فوج کے قافلے پر مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا ہے۔
اضلاع پنجگور اور قلات کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شیلنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے فوری طور پر ان دعووں کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق ضلع پنجگور کے علاقے چیدگی اور اس کے گرد و نواح میں بدھ کو پاکستانی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے کئی گھنٹوں تک پروازیں کیں جبکہ بعض مقامات پر شیلنگ بھی کیے ہیں۔
اسی دوران ضلع قلات کے علاقے ہربوئی اور ملحقہ علاقوں سے بھی فوجی کارروائی اور شیلنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر فورسز کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب ضلع نوشکی میں احمد وال کے علاقے میں مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے ایک قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے فوری طور پر نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ احمد وال میں واقع پھاٹک کے مقام پر پیش آیا، جہاں پاکستانی فورسز کی تین گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ گزر رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آوروں نے پہلے سے گھات لگا رکھی تھی اور قافلے کے مقام پر پہنچتے ہی اس پر فائرنگ شروع کر دی۔
عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کچھ وقت تک جھڑپ جاری رہی۔
تاحال کسی سرکاری ادارے یا فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے حملے کی باضابطہ تصدیق یا تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ کسی تنظیم نے بھی فوری طور پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پاکستانی فورسز پر حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، جن میں مسلح تنظیموں کی جانب سے گھات لگا کر حملے اور سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد کے استعمال کے واقعات شامل ہیں۔