تربت میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ، گومازی سے گولیوں سے چھلنی لاش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں کرنٹ لگنے سے واپڈا کا معاون ہلاک ہوگیا جبکہ گومازی سے ایک نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمدہوئی ہے۔

تربت کے شہر شہرک سے تعلق رکھنے والے واپڈا کے امور میں معاونت کرنے والے معروف مقامی کارکن کمال خان ولد دل مراد گزشتہ شب کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق کمال خان شہرک سے سامی تک کے علاقوں میں بجلی کے بلوں اور دیگر متعلقہ امور میں واپڈا کے ساتھ تعاون اور خدمات انجام دیتے تھے جس کے باعث وہ علاقے میں اچھی شہرت رکھتے تھے۔

واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی جبےکہ اہل علاقہ اور سماجی حلقوں نے مرحوم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

تاہم کرنٹ لگنے کے واقعے کی وجوہات اور ذمہ داری کے تعین کے حوالے سے متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب تمپ کے گومازی کے علاقے سے ایک نامعلوم نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے لاش دیکھ کر انتظامیہ کو اطلاع دی، جس پر متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے۔

انتظامیہ نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا ہے تاکہ لواحقین پہنچ کر متوفی کی شناخت کر سکیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جبکہ واقعے کی وجوہات بھی معلوم نہیں ہو سکیں۔

متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شناخت اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article