بلوچستان کے علاقے بسیمہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، آج بروزجمعرات صبح سویرے مسلح افراد نے مبینہ طور پر حکومت نواز ملیشیا (جسے مقامی سطح پر ڈیتھ اسکواڈ کہا جاتا ہے) کے ایک اہم کمانڈر محمد بخش سمالانی کے قائم کردہ کیمپ کو نشانہ بنایا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بسیمہ کے علاقے ساجد میں پیش آئی، جہاں مسلح افراد نے علی الصبح کمانڈر محمد بخش سمالانی کے ٹھکانے پر اچانک اور شدید حملہ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق اس ہائی پروفائل حملے کے نتیجے میں کمانڈر محمد بخش سمالانی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
اطلاعات ہیں کہ کیمپ پر کامیاب قبضے کے بعد حملہ آوروں نے وہاں موجود تمام سرکاری و نجی جدید ہتھیار اور بھاری مقدار میں گولہ بارود اپنے قبضے میں لے لیا، جس کے بعد وہ باآسانی علاقے سےنکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں حکومت نواز مسلح گروہوں یا مبینہ ڈیتھ اسکواڈز کو بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں طویل عرصے سے اپنے نشانے پر رکھے ہوئے ہیں، تاہم اب تک کسی بھی تنظیم نے اس تازہ کارروائی کی باقاعدہ ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان نہیں کیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جاتی ہے۔