قلات میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 7 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے قلات میں ٹول پلازہ کے قریب ایک افسوس ناک ٹریفک حادثے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

حادثہ ایک 2D کار اور پک اپ گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاک افراد میں 2 بچے، 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں ایک خاتون اور دو مرد شامل ہیں جنہیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی MERC قلات سینٹر کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

زخمیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث ریسکیو اہلکاروں نے انہیں دو مختلف شفٹوں میں DHQ ہسپتال قلات منتقل کیا، جبکہ منتقلی کے دوران مریضوں کو مسلسل ابتدائی طبی امداد اور ایمرجنسی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایک MERC اہلکار مقامی گاڑی کے ساتھ بھی روانہ ہوا کیونکہ اس گاڑی میں بھی زخمی افراد موجود تھے۔

ریسکیو ٹیم نے پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں مزید علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک افراد کی لاشوں کو بھی ضابطے کے مطابق منتقل کیا گیا جبکہ امدادی کارروائی مکمل ہونے تک صورتحال کو کنٹرول میں رکھا گیا۔

حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article