بلوچستان کے علاقے نوشکی میں پاکستانی فورسز کی جانب سے ٹرالر پر فائر نگ سے ڈرائیور ہلاک ہوگیا جبکہ پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک پولیس اہلکار کو قتل کر دیا ۔
نوشکی سے موصول اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے نوشکی شاہراہ پر پہلی چڑھائی کے مقام پر سڑک بند کرکے درجنوں گاڑیوں کو روک لیا ہے، جس کے باعث کئی گھنٹوں سے متعدد گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس دوران پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ سے گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک ٹرالر ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ٹرالر ڈرائیور کی شناخت کر لی گئی ہے جس کا تعلق مستونگ سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے مقتول کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا، ملزمان کی تلاش اور واقعے کی وجہ جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
شہری طویل روڈ بندش کے باعث شدید گرمی میں پریشان ہیں، جبکہ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ آگے جانے کی کوشش کرنے پر پاکستانی فورسز اہلکار سیدھی گولیاں چلا رہے ہیں۔
دوسری جانب پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔
پنجگور سے اطلاعات ہیں کہ پنجگور تسپ اسٹار چوک کے قریب گاڑی میں سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کانسٹیبل شاہ حسین ولد شفیع محمد تسپ اسٹار چوک میں دکان پر بیٹھا ہوا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ جنہیں فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی گئی۔
اس سلسلے میں پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔