بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت اور ناصر آباد میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکارکے گھر اور حجام کی دکان پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے۔
تربت شہر کے آبسر کے علاقے بنڈے بازار میں گذشتہ شب نامعلوم افراد نے پولیس اہلکار یونس ولد اسحاق کے گھر پر ہینڈ گرنیڈ پھینک دیا۔
حکام کے مطابق واقعہ رات تقریباً 12 بجے پیش آیا جہاں گرنیڈ زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دوسری جانب تربت کے علاقے ناصر آباد میں نامعلوم افراد نے جمعہ کی صبح فجر کے وقت ایک حجام کی دکان پر دستی بم سے حملہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے عارف ولد محمد حسین کی بند دکان کے تالے توڑ کر شٹر اٹھایا اور اندر دستی بم پھینک دیا، جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں دکان کو نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دونوں واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔