بلوچستان کے پنجگور کے علاقے شاپاتان میں گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول شاپاتان کی طالبات اور مقامی لوگوں نے اسکول میں بنیادی سہولیات کی کمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے چتکان کشتی چوک روڈ کو بلاک کرکے ضلعی انتظامیہ اور حکومت بلوچستان کے خلاف نعرے بازی کی۔
احتجاج میں طالبات، والدین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسکول میں اساتذہ کی شدید کمی ہے، جس کے باعث طالبات کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سائنس اور ریاضی کے مضامین پڑھانے کے لیے فوری طور پر اساتذہ تعینات کیے جائیں۔
احتجاجی شرکاء نے مزید مطالبہ کیا کہ اسکول میں سولر سسٹم اور پنکھوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، طالبات کے لیے پینے کے صاف پانی کا انتظام کیا جائے، اور اسکول میں چپڑاسی تعینات کیا جائے تاکہ بنیادی انتظامی امور بہتر طور پر انجام دیے جا سکیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سہولیات کے فقدان کے باعث طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے ان کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لے کر اسکول کو درپیش مسائل حل کیے جائیں۔