حکومت بلوچستان کا کوئٹہ میں 35 مسلح افرادکومارنے اور 3 کمانڈرکی گرفتاری کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کی کٹھ پتلی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے منگلہ زرغون غر میں سیکورٹی فورسز نے 35 مسلح افراد کو ہلاک اور 3 کمانڈر گرفتار کرلئے ۔

یہ دعویٰ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے میڈیا سے گفتگو میں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 13 مئی سے منگلہ زرغون غر کے علاقے میں مسلح افراد کے خلاف جاری کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 35 سے زائد مسلح افراد کو ہلاک جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے اور کیمپس مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں۔

شاہد رند کے مطابق کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 اہم کمانڈرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جن سے انتہائی اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ انہی معلومات کی بنیاد پر مزید ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں اور عسکریت پسندوں کی سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والے عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان عسکریت پسندی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

یاد رہے کہ حکام ماضی کی طرح محض میڈیا پر درجنوں مسلح افراد کی ہلاکت کا دعویٰ اور ان کے کمانڈرز کی گرفتاری کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن مقامی سطح پر میڈیا کو اب تک اس کے شواہد نہیں ملے ہیں ۔اسی طرح مارنے جانے والے افراد کی شناخت اور کس تنظیموں سے ان کا تعلق ہے ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی گرفتار کمانڈرز کے نام پبلک کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان بھر میں بلوچ عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ اور تیزی آئی ہے ۔ گذشتہ ایک ہفتے سے زائد بلوچستان کے کئی اہم شاہراہوں اور دالبندین شہرکا کنٹرول سنبھالنے ، فورسز پر مہلک حملوں ، معدنیات لے جانے والے بھاری گاڑیوں کو نشانہ بنانے ، انہیں نذر آتش کرنے سمیت کمپنی ورکرزکی گرفتاری و ان کی لاشوں کی برآمدگی اور دالبندین کے پولیس اسٹیشن نذر آتش کرنے اور وہاں پر موجود قیدیوں کی رہائی کے واقعہ رپورٹ ہوئے ہیں ۔

ان کارروائیوں کی ذمہ داری بی ایل اے اور بی ایل ایف قبول کر چکے ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article