بلوچستان کے علاقے وڈھ اور قلعہ عبداللہ میں دو مختلف روڈ حادثات میں طالب علم سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔
ضلع خضدار کے علاقے وڈھ کے قریب نیشنل ہائی وے این 25 پر طلباءکی گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی جس سے ایک نوجوان ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
ہفتہ کو کراچی سے کوئٹہ جانے والے طلباءکی گاڑی وڈھ میں بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں سالم بلوچ موقع پر ہلاک جبکہ اس کا بھائی دینار بلوچ اور دوست درخان ولد ارشاد بلوچ، رحیم شاہ ولد یونس، شاداب ولد نثار احمد اور صادق ولد عبیداللہ زخمی ہوگئے ۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو خضدار ٹراما سینٹر منتقل کیا۔
شدید زخمیوں کو ڈاکٹروں کے مشورے پر فوری طور پر کراچی ریفر کر دیا گیا۔
اسی طرح قلعہ عبداللہ میں زڑہ بند کے قریب ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
لیویز اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی لاش اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت عصمت اللہ ولد محمد کریم کے نام سے ہوئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شخص کی شناخت انعام اللہ ولد حاجی عبدالباری کے نام سے ہوئی ہے، جسے ٹراما سنٹر میزئی اڈہ میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم سر پر شدید چوٹیں (ہیڈ انجری) آنے کے باعث زخمی کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے فوری طور پر کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
لیویز حکام نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔