پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ٹانک ضلع میں مسلح افراد کے حملے میں ایف سی بلوچستان کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح گڑہ پتھر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 2 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں اہلکار ایف سی بلوچستان میں خدمات انجام دے رہے تھے اور چھٹی پر اپنے آبائی گاؤں آئے ہوئے تھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایک سیکورٹی ذرائع کے دعوے کے مطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ان خاندانوں کو تنبیہ کر رہی ہے جن کے بچے یا رشتہ دار پاکستانی فوج، ایف سی یا دیگر سیکورٹی اداروں میں ملازمت کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق ٹی ٹی پی کی جانب سے انہیں کہا جا رہا ہے کہ فورسز کی ملازمت چھوڑ دیں تاکہ پشتونوں کی جانیں ٹی ٹی پی کے حملوں میں محفوظ رہ سکیں اور فوجی بھرتیوں میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) یہ پیغام بھی پہنچا رہی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو فوج یا ایف سی میں بھرتی ہونے سے روکیں۔
واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔