فہمیدہ بلوچ کا واقعہ تعلیمی اداروں میں طالبات کے عدم تحفظ کا المناک عکاسی کرتا ہے،بی ڈبلیو ایف

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ وومن فورم کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فہمیدہ لغاری بلوچ کے ساتھ پیش آنے والا افسوسناک واقعہ محض ایک طالبہ کے ساتھ ہونے والی زیادتی نہیں، بلکہ یہ ہمارے معاشرے اور تعلیمی نظام میں موجود سنگین خامیوں اور گہرے بحران کی واضح نشاندہی کرتا ہے۔ فورم اس انسانیت سوز واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انصاف، تحفظ اور وقارِ انسانی کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔

محمدی میڈیکل کالج، میرپورخاص جیسے تعلیمی ادارے، جہاں طلبہ و طالبات کو محفوظ، باوقار اور پُرسکون تعلیمی ماحول فراہم کرنا بنیادی ذمہ داری ہے، وہاں اس نوعیت کے واقعات کا پیش آنا نہایت تشویشناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ یہ صورتحال اس تلخ حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ خصوصاً طالبات کے تحفظ، عزتِ نفس اور ذہنی سکون کو مطلوبہ اہمیت نہیں دی جا رہی، جس کے اثرات نہ صرف متاثرہ طالبہ بلکہ پورے تعلیمی ماحول پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یہ واقعہ اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ ہراسانی، بدسلوکی اور استحصال جیسے سنگین مسائل کو محض انفرادی واقعات کے طور پر نہیں بلکہ ایک منظم مسئلے کے طور پر دیکھا جائے، اور ان کے سدباب کے لیے سنجیدہ، مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں۔ ایسے سانحات طالبات کے اعتماد کو متزلزل کرتے ہیں، خوف اور عدم تحفظ کو جنم دیتے ہیں اور تعلیمی اداروں کے وقار کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔

بلوچ وومن فورم اس بات پر زور دیتا ہے کہ کسی بھی طالب علم کے ساتھ ہونے والی ناانصافی دراصل پورے نظام کی ناکامی ہے، اور اس پر خاموشی اختیار کرنا مزید ناانصافی کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ اس واقعے کو مثال بناتے ہوئے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے سانحات کا سدباب ممکن ہو سکے۔

Share This Article