بلوچ نیشنل موومنٹ کی جاری عالمی سفارتی و آگاہی مہم کے تحت 8 اپریل 2026 کو لندن میں 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر بی این ایم برطانیہ چیپٹر نے احتجاجی مظاہرہ اور آگاہی مہم کا انعقاد کیا، جس میں تنظیم کے رہنماؤں نے بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی۔
مظاہرے سے حسن دوست، بی این ایم کے جونیئر جوائنٹ سیکریٹری، نے خطاب کرتے ہوئے جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور ریاستی جبر کی مسلسل پالیسیوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے اور عالمی اداروں کو فوری کردار ادا کرنا چاہیے۔
اسی احتجاج میں جاسم بلوچ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہزاروں خاندان برسوں سے اپنے پیاروں کی تلاش میں دربدر ہیں جبکہ انصاف کا کوئی دروازہ ان پر نہیں کھلتا۔
انہوں نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر خاموشی ترک کریں۔
مظاہرے سے عابد بلوچ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ جبری گمشدگیوں اور ٹارگٹ کلنگز نے بلوچستان میں ایک انسانی المیہ جنم دیا ہے، جسے نظرانداز کرنا عالمی انسانی حقوق کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
بی این ایم کی جانب سے لندن میں منعقدہ یہ احتجاجی مظاہرہ تنظیم کی جاری عالمی مہم کا حصہ ہے ، جس کا مقصد بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی فورمز تک پہنچانا ہے۔