بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کی تحصیل جیونی کے قریب سمندر میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی دو بحری کشتیوں پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں 15 سے زائد اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تاحال کسی بھی مسلح تنظیم یا گروہ کی جانب سے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
بلوچ ساحلی پانیوں میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے ان حملوں کو عسکری و سیاسی حلقوں میں انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سمندر میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (BLA) نے سمندری امور کے لیے اپنا الگ یونٹ ‘حمّل میری ٹائم ڈیفنس فورس’ (Hammal Maritime Defence Force) تشکیل دیا تھا، جس نے اس سے قبل 12 اپریل 2026 کو جیونی کے مقام پر ‘مِل تیاب’ کے قریب پاکستانی نیوی کی پیٹرولنگ کشتی کو نشانہ بناتے ہوئے تین اہلکاروں (نائیک افضل، سپاہی جمیل اور سپاہی عمر) کو ہلاک کیا تھا۔
جیونی کے ساحل پر پیش آنے والے اس تازہ ترین واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ سنگر نیوز اس خبر پر نظر رکھے ہوئے ہے اور تصدیق شدہ تفصیلات سامنے آتے ہی قارئین تک پہنچائی جائیں گی۔