بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز ( وی بی ایم پی )کے زیر اہتمام احتجاجی کیمپ تنظیم کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی سربراہی میں 6129ویں روز بھی جاری رہا۔
آج کے احتجاج میں جبری لاپتہ محمد صدیق لانگو کے اہلخانہ نے شرکت کی اور ان کا کیس وی بی ایم پی کے پاس جمع کرا دیا۔
اہلخانہ کے مطابق انہیں 7 اپریل کی رات کلی اسماعیل (کوئٹہ) سے سیکورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، جس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔
وی بی ایم پی نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ محمد صدیق کا کیس حکومتی کمیشن اور صوبائی حکومت کو فراہم کیا جائے گا اور ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے مطالبہ کیا کہ محمد صدیق کو فوری بازیاب کیا جائے یا اگر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ خاندان کی پریشانی کا خاتمہ ہو۔