اقوام متحدہ میں آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کے تحفظ کے لیے قرارداد پر ووٹنگ آج ہوگی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل آج یعنی منگل کے روز آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ سے متعلق ایک قرارداد پر ووٹنگ کرے گی۔

واضح رہے کہ یہ عمل مستقل اراکین کے اعتراضات اور روس و چین کی جانب سے ویٹو کے امکان کے باعث کئی بار مؤخر کیا جا چکا ہے۔

بحرین نے خلیجی ممالک کی حمایت سے دو ہفتے قبل اس قرارداد کے مسودے پر مذاکرات کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد کسی بھی ایسے ملک کو اقوامِ متحدہ کا اختیار دینا ہے جو اس اہم بحری گزرگاہ میں محفوظ آمد و رفت یقینی بنانے کے لیے طاقت کے استعمال کا خواہاں ہو، جہاں جنگ کے باعث خلل پیدا ہوا ہے۔

قرارداد کے تازہ ترین متن میں جہازوں پر ایرانی حملوں کی مذمت کی گئی ہے اور متعلقہ ممالک کو بحری آمد و رفت کے تحفظ کے لیے دفاعی اقدامات کرنے سے متعلق اختیار دیے جانے کی بات کی گئی ہے، جس میں تجارتی جہازوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے ساتھ لے جانا جیسے اقدامات شامل ہیں۔

قرارداد میں ایران سے فوری طور پر کسی بھی حملے یا جہاز رانی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششوں کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور یہ بھی اشارہ دیا گیا ہے کہ کونسل ایسے عناصر کے خلاف مزید اقدامات پر غور کرنے کے لیے تیار ہے جو اس اہم ترین آبی تجارتی گزرگاہ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

ووٹنگ نیویارک کے وقت کے مطابق صبح 11 بجے (گرین وچ کے مطابق سہ پہر 3 بجے) متوقع ہے، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن کے اختتام سے چند گھنٹے قبل ہوگی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ایران کو دی جانے والی ڈیڈ لائن یا مہلت میں انھوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر گزرگاہ نہ کھولی گئی تو وہ اسے مکمل طور پر تباہ کر دیں گے۔

Share This Article