پنجگور میں مسلح افراد کے بیک وقت حملے، فوجی قافلہ نشانہ،علاقے میں شدید کشیدگی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے پنجگورکے علاقے خدابادان ،گرمکان اور دیگر مقامات پر مسلح افراد نے مبینہ ریاستی حمایت یافتہ مسلح گروہوں، جنہیں مقامی طور پر “ڈیتھ اسکواڈز” کہا جاتا ہے، کے ٹھکانوں پر بیک وقت حملے کیے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں مسلسل سنائی دے رہی ہیں جبکہ درجنوں مسلح افراد کی نقل و حرکت بھی دیکھی گئی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فٹبال چوک کے قریب پاکستانی فوج کے ایک قافلے کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد علاقے میں شدید جھڑپیں شروع ہوئیں۔

فوجی گاڑیوں کی آمدورفت محدود جبکہ سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی آبادی کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران پنجگور میں 25 سے زائد بلوچ نوجوانوں کو مبینہ طور پر “ڈیتھ اسکواڈز” کے ذریعے حراست میں لینے اور بعد ازاں ان کی لاشیں تشدد کے نشانات کے ساتھ ملنے کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

ان واقعات کے بعد علاقے میں بے چینی اور غم و غصہ بڑھ رہا تھا۔

تاحال حکام کی جانب سے تازہ حملوں اور جھڑپوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث صورتحال کی مکمل تفصیلات واضح نہیں ہو سکیں۔

Share This Article