بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے گلستان نورک کے علاقے میں واقع حاجی قاسم غبیزئی اور ناصر خان کی آئس فیکٹری میں سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں بہتر علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مقامی شہریوں نے اس واقعے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان فیکٹریوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
شہریوں کا الزام ہے کہ ان فیکٹریوں کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں، جس کی وجہ سے علاقے کے ہزاروں نوجوان نشے کی لت میں مبتلا ہو کر اپنی زندگی برباد کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان فیکٹریوں کو فی الفور سیل کیا جائے تاکہ نئی نسل کو اس تباہی سے بچایا جا سکے۔