بلوچستان کے علاقے جھل مگسی اوراوستہ محمد میں خاتون سمیت 2افراد قتل کردیئے گئے ۔کوہلو میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ کوئٹہ کے چلتن پہاڑ سے ایک نعش برآمدہوئی ہے۔
اوستہ محمد میں سٹی پولیس تھانہ کے حدود السکندر ہوٹل کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے سائتھ خان بلیدی کو قتل کر دیا گیا ۔
واقعہ کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جارہی ہے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کیا گیا۔
دوسری جانب جھل مگسی میں غیرت کے نام پر ایک خاتون کوقتل کردیا گیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق تھانہ باریجہ جھل مگسی، گوٹھ لونگانی مگسی میں ملزم چاکر خان نے اپنی بہو کو سیاہ کاری کے الزام میں مسماۃ عابدہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔
واقعہ کے بعد مقتول کی مبینہ آشنا فرار ہوگیا۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
دریں اثنا کوئٹہ کے نواحی علاقے چلتن کے پہاڑ سے نامعلوم شخص کی پرانی نعش برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چلتن کے علاقے میں پکنک منانے کے لئے جانے والوں کو ایک نامعلوم شخص کی نعش ملی جس کی اطلاع انتظامیہ کو دی گئی نعش ہسپتال منتقل کردی گئی ۔
مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔
علاوہ ازیں کوہلو میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
کوہلو سٹی ایریا میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گیا جس میں دو افرادزخمی ہو گئے تھے۔
ابتدائی طبی امداد کے لیے کوہلو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں لایا گیا بعد میں دونوں زخمیوں کو ملتان ریفر کیا گیا جن میں ایک زخمی زخموںکا تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق کشمیر سے بتایا جا رہا ہے۔